حیدرآباد:3دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا)مولاناآزادنیشنلاردو یونیورسٹی، شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں دیواری پرچہ ”اسلامی مطالعات“ کا تیسرا شمارہ منظر عام پر آیا، جس کی رسم اجراء پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ (ڈین اسکول برائے فنون اور سماجی علوم)نے انجام دی۔ طلبہ اسلامیات کی تحریری سرگرمیو ں کا آئنہ دار دوماہی دیواری پرچہ کا یہ تیسرا شمارہ تھا، جس میں متعدد کالمو ں کے تحت گیارہ مضامین شامل تھے۔ اس موقع پر پروفیسر رحمت اللہ نے شمارہ کے علمی معیار، ترتیب، تزئین اور تسلسل پر مدیر صالح امین (پی ایچ ڈی) اور حصہ لینے والے طلبہ کو نیز شعبہ کے ذمہ داروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ آپ لوگوں نے تخلیقی نوعیت کا منفرد کام انجام دیا ہے۔ انہوں نے شعبہ اسلامیات کی سرگرمیوں پر صدر شعبہ اور اساتذہ کی ستائش کی اور کہا کہ شعبہ کے صدر ہرکا م کو سلیقہ کے ساتھ انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ اور اسکالرس کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ نتیجہ کے لئے صحت مند بحث ومباحثہ ضروری ہے۔ بحث ومباحثہ کے بعد ہم وحدت فکر کی طرف پہونچتے ہیں۔ آپ کے لئے سوچنے کی بات ہے کہ تمام مسلمانوں میں اتحاد کی سبیل کیا ہوگی۔ یہ عام مسلمانوں کا کام نہیں، بلکہ اس کے لئے مخصوص ذہن، وسیع مطالعہ اور وقت صرف کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ یونیورسٹیز میں قائم اسلامیات کے شعبے کھلے ذہن سے کام کرتے ہیں، یہاں تمام افکار کا مطالعہ کیا جاتا ہے، مسائل کا حل بھی یہیں سے نکل سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس شعبہ میں تحقیق کا کام بھی جاری ہے، تحقیق کے ذریعہ راستہ نکلتا ہے، مولانا آزاد نے تقلیدی ذہن ترک کرکے تحقیق کو اپنا یا تھا۔اسلامک اسٹڈیز کے طلبہ اور اسکالرس پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ڈاکٹر محمد فہیم اختر،صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے نئے شمارہ کے اجراء پر طلبہ کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب طلبہ کی محنت اور کارکردگی کا نتیجہ ہے۔ حقیقی عمل وہ ہے جس کااثر لوگ خود محسوس کریں۔ صدر شعبہ نے محنت، صداقت اور امانت کے مفہوم پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محنت سے انسان تھکتا نہیں ہے، بلکہ دماغ کی صلاحیتیں کھلتی ہیں، محنت کو بخوشی قبول کیجئے۔ امانت پوری سیرت نبوی کا نچوڑ ہے۔ اس کا مطلب صرف مالی امانت تک محدود نہیں، بلکہ ذمہ داری کو ادا کرنا اور وعدہ کو پورا کرنا بھی امانت ہے۔ سچائی کا مطلب ظاہر وباطن کا یکساں ہونا ہے۔ اس کی ضد نفاق ہے، جو انفرادی، خاندانی اور معاشرتی زندگی کے لئے ناسور ہے۔ رسم اجراء کی تقریب کے بعد شعبہ کے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبہ نے جامعہ ملیہ اسلامیہ (نئی دہلی)کی جانب سے منعقدہ ”ایک روزہ مشیر الحق قومی سمینار“ میں شرکت کی روداد پیش کی۔یہ سمینار قومی سطح پر شعبہ اسلامیات کے ریسرچ اسکالرس کے لئے منعقد کیا گیا تھا، جس میں شعبہ اسلامک اسٹڈیز، مانو سے تین طلبہ نے شرکت کی تھی،سید عبد الرشید (پی ایچ ڈی)نے بیت الحکمت بغداد کی علمی خدمات پر، صالح امین (پی ایچ ڈی)نے آزاد ہندوستان میں اسلامی فقہ پر اور محمد عامر (ایم فل)نے سرسید اور علمائے دیوبند - غلط فہمیاں اور حقائق پر مقالات پیش کئے تھے۔ انہو ں نے اس موقع پرسیمینار کی دلچسپ روداد تحریری مقالہ اور پاور پوائنٹ کے ذریعہ پیش کی۔ تقریب کا آغاز ابو الکلام(ایم اے سال دوم)کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا، سید عبد الرشید(پی ایچ ڈی) نے کلمات تشکر پیش کئے، محمد خالد(ایم اے سال دوم)نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔